کار شعلہ پوش، حیدرآباد کے فاروق شیخ اور آرین کی شناخت
حیدرآباد۔/4 ستمبر، ( سیاست نیوز) امریکہ کے ٹیکساس میں ایک بھیانک سڑک حادثہ میں 4 ہندوستانی شہریوں کی ہلاکت ہوئی ہے جن میں دو مہلوکین کا تعلق حیدرآباد سے ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ اینا ٹیکساس میں 30 اگسٹ کو پیش آیا ۔ مہلوکین کی شناخت آرین رگھوناتھ اورم پتی، فاروق شیخ، لوکیش پالا چرلہ اور درشنی واسو دیون کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ یہ چاروں بنٹن ویلی، آرکنساس جارہے تھے اور راستہ میں حادثہ کا شکار ہوگئے۔ آرین رگھوناتھ بنٹن ویلی کے ساکن ہیں اور ڈلاس میں رشتہ داروں سے ملاقات کے بعد واپس ہورہے تھے۔ لوکیش پالا چرلہ اپنی اہلیہ سے ملاقات کیلئے بنٹن ویلی جارہے تھے جبکہ درشنی واسودیون جنہوں نے حال ہی میں یونیورسٹی آف ٹیکساس سے ماسٹرس ڈگری گریجویٹ کی تکمیل کی اپنے انکل سے ملنے کیلئے بنٹن ویلی جارہے تھے۔ حادثہ کے بعد کار میں استعمال کئے جانے والے کار پولنگ ایپ کی مدد سے حکام کو مہلوکین کی شناخت میں مدد ملی۔ یہ واقعہ سہ پہر 3:30 بجے پیش آیا جبکہ یہ چاروں کار پولنگ ایپ سے خود کو مربوط کرتے ہوئے بنٹن ویلی جارہے تھے۔ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ کار شعلہ پوش ہوگئی جس کے نتیجہ میں مہلوکین کی شناخت میں دشواری پیش آرہی ہے۔ حکام ڈی این اے ، فنگر پرنٹنگ اور ڈینٹل ریکارڈ کے ذریعہ مہلوکین کی شناخت کررہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈی این اے رپورٹ کی تکمیل کیلئے وقت لگ سکتا ہے۔ آرین اورم پتی کا تعلق حیدرآباد کے کوکٹ پلی سے ہے اور انہوں نے حال ہی میں انجینئرنگ کی تکمیل کی اور امریکہ میں ملازمت کیلئے پہنچے تھے۔ وہ دو سال تک ملازمت کے بعد وطن واپسی کا منصوبہ رکھتے تھے۔ ان کے والد سبھاش چندر ریڈی حیدرآباد میں بزنس مین ہیں۔ فاروق شیخ کا تعلق بھی حیدرآباد سے ہے جو تین سال قبل ماسٹرس ڈگری کی تکمیل کیلئے امریکہ پہنچے تھے۔ وہ بنٹن ویلی میں مقیم تھے۔ وہ اپنے دوست آرین کے ساتھ مقیم تھے۔ چاروں مہلوکین کے افراد خاندان نے وزارت خارجہ سے مدد طلب کی ہے تاکہ شناخت کا عمل جلد مکمل کرتے ہوئے نعشوں کو وطن منتقل کیا جاسکے۔1