تین ساتھی زخمی ۔ تیز رفتار کار نے نوجوانوں کی کار کو ٹکر دیدی
حیدرآباد 23 اپریل ( سیاست نیوز ) امریکہ میں پیش آئے ایک سڑک حادثہ میں دو تلگو نوجوان ہلاک ہوگئے جبکہ ان کے تین ساتھی زخمی ہوگئے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ یہ حادثہ الینوائس روٹ نمبر 3 پر یونین کاؤنٹی کے قریب پیش آیا ۔ دو کاروں میں تصادم میں یہ اموات ہوئیں۔ دوسری کار کا ڈرائیور بھی فوت ہوگیا ۔ یونیورسٹی کی اطلاع کے مطابق متوفی نوجوانوں کی ومشی کرشنا پاچیٹی ( باچو پلی ) اور پون سورنا ( کھمم ) کی حیثیت سے شناخت ہوئی ہے ۔ زخمیوں کی شناخت کلیان ڈورنا ‘ کارتک کاکومانو اور یشونت اپل پاٹی کی حیثیت سے کی گئی ہے ۔ یونیورسٹی کے ایک پوسٹ میں الینوائس پولیس کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ سامنے سے آتی ہوئی ایک تیز رفتار کار نے ان طلباء کی کار کو ٹکر دیدی تھی ۔ تیز رفتار کار کی ڈرائیور بھی اس حادثہ میں فوت ہوگئی ۔ یونیورسٹی کی جانب سے اس حادثہ پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے ۔