امریکہ میں طاعون کی بیماری سے ایک شخص ہلاک

   

ایریزونا 15جولائی (یو این آئی) امریکی ریاست ایریزونا کے شمالی علاقے کوکونینو کاؤنٹی میں ایک شہری طاعون (پلیگ) کے باعث ہلاک ہوگیا۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق حکام کی جانب سے اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ امریکی ریاست ایریزونا کا متاثرہ شخص نیو مونک پلیگ کا شکار ہوا تھا جو اس بیماری کی مہلک ترین اور آسانی سے پھیلنے والی قسم سمجھی جاتی ہے ۔رپورٹس کے مطابق یہ 2007 کے بعد امریکہ میں نیو مونک پلیگ سے ہونے والی پہلی ہلاکت ہے ۔امریکہ میں ہر سال طاعون کے اوسطاً 7 کیسز رپورٹ ہوتے ہیں جن میں زیادہ تر مغربی ریاستوں سے تعلق رکھتے ہیں۔واضح رہے کہ پلیگ کو عام طور پر ‘بلیک ڈیتھ’ (Black Death) کے نام سے جانا جاتا ہے جس نے 14ویں صدی میں یورپ میں کروڑوں افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا، صرف 1346 سے 1353 کے درمیان یہ بیماری یورپ، مشرق وسطیٰ اور افریقا کی 60 فیصد آبادی کو نگل گئی تھی تاہم آج یہ مرض قابل علاج ہے ۔طاعون نے امریکہ میں آخری مرتبہ 1924 سے 1925 کے دوران لاس اینجلس میں وبائی صورت اختیار کرلی تھی، وبا کے باعث بہت سی جانیں ضائع ہوگئی تھیں۔