امریکہ میں عنقریب معمول کی سرگرمیاں شروع کرنے ٹر مپ کا منصوبہ

   

واشنگٹن۔14اپریل( سیاست ڈاٹ کام)امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ حال ہی میں کئی بار کہہ چکے ہیں کہ امریکی عوام بہت جلد اپنی معمول کی سرگرمیاں شروع کر دیں گے۔ صدر ٹرمپ نے اس بات پر زور دیا تھا کہ لاک ڈاون کو ختم کرتے ہوئے معیشت کو دوبارہ چلانے کا کلی اختیار ان کا ہے۔قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ آئین کے مطابق ریاستوں میں کاروبار، سرکاری دفاتر اور ٹرانسپورٹ کھولنے سے متعلق امریکی صدر کے پاس محدود اختیارات ہیں۔تاہم وائٹ ہاوس میں پریس بریفنگ کے دوران صدر ٹرمپ سے جب پوچھا گیا کہ کاروبار اور تعلیمی ادارے کھولنے کا اختیار وفاقی حکومت کا ہے یا گورنرز کا؟ تو انہوں نے کہا کہ ایسے تمام اختیارات اْن کے پاس ہیں۔اس سے قبل صدر ٹرمپ نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ وہ گورنرز کے ساتھ رابطے میں ہیں اور وہ امریکہ کے صدر کی اجازت کے بغیر ایسا کچھ نہیں کر سکتے۔ اسی دوران امریکہ کی 10 ریاستوں نے لاک ڈاون ختم کرنے کی منصوبہ بندی کر لی ہے۔ نیویارک سمیت 10 ریاستوں کے گورنرز نے پیر کو مشترکہ طور پر اعلان کیا ہے کہ وہ معاشی سرگرمیاں شروع کرنے جا رہے ہیں۔