امریکہ میں عوامی احتجاج کے بعد اسرائیل کے بائیکاٹ پر فنڈز کی کٹوتیوں کا فیصلہ واپس

   

واشنگٹن، 5 اگست (یو این آئی)ٹرمپ انتظامیہ نے شدید ردعمل کے بعد اپنا فیصلہ واپس لے لیا ہے ، جس میں دھمکی دی گئی تھی کہ وہ ان ریاستوں اور مقامی حکومتوں سے کم از کم 1.9 ارب ڈالر کی آفات سے نمٹنے کی تیاری کے فنڈز روک لے گی جو اسرائیل یا اسرائیلی کمپنیوں کے بائیکاٹ کی حمایت کرتی ہیں۔محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی (ڈی ایچ ایس) نے اپنے اندرونی شرائط و ضوابط سے ایک متنازعہ شق کو ہٹا دیا ہے ، جس میں گرانٹ وصول کنندگان سے یہ تقاضہ کیا گیا تھا کہ وہ اسرائیلی کمپنیوں یا اسرائیل کے ساتھ کاروبار کرنے والی کمپنیوں کے ساتھ تجارتی تعلقات ختم کرنے کی کوششوں کی حمایت نہ کریں۔یہ شق، جو پہلی بار اپریل میں شامل کی گئی تھی، میں کہا گیا تھا کہ درخواست دہندگان کو “تجارتی تعلقات ختم کرنے یا خاص طور پر اسرائیلی کمپنیوں یا اسرائیل کے ساتھ کاروبار کرنے والی کمپنیوں کے ساتھ تجارتی تعلقات محدود کرنے کی حمایت نہیں کرنی چاہیے ۔”جمعہ کو شائع ہونے والے 11 نئے وفاقی گرانٹ نوٹسز میں پرانی شرائط کا حوالہ دیا گیا تھا، جس سے عوامی غصہ اور سیاسی دباؤ کے الزامات سامنے آئے تھے ۔

امریکہ میں ٹرین کا ڈبہ شعلہ پوش
نیویارک ۔ 5 اگست (ایجنسیز) امریکہ کے شہر نیویارک شہر میں پیر کو ایک مسافر ٹرین کے ڈبے میں آگ لگ گئی جس سے کم از کم ایک ڈبے میں دھواں بھر گیا۔ حکام اور ایک مسافر کی بنائی گئی ویڈیو کے مطابق مسافروں کو باہر نکال لیا گیا۔ نیویارک اور نیو جرسی پورٹ اتھارٹی، جو اس ٹرین کو چلاتی ہے، نے ایک بیان میں بتایا کہ صبح 6:19 بجے ایک مشرقی سمت جانے والی ٹرین میں آگ لگی اور مسافروں کو پلیٹ فارم پر منتقل کردیا گیا۔پورٹ اتھارٹی نے کہا کہ دھوئیں سے متاثرہ 13 افراد کو جائے وقوع پر علاج فراہم کیا گیا جن میں سے نو کو مزید تشخیص کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی 30 سیکنڈ کی ایک ویڈیو میں جرسی سٹی نیو جرسی میں نیوپورٹ سٹیشن پر پورٹ اتھارٹی ٹرانس ہڈسن ٹرین کے ایک ڈبے سے گھنا دھواں اٹھتا ہوا دکھایا گیا۔ ویڈیو میں لوگوں کو اس وقت ’’ دروازہ کھولو” اور “آہستہ، آہستہ” کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے جب وہ ٹرین کے ڈبے سے باہر نکل رہے تھے۔