امریکہ میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 3 ہلاک

   

نیویارک : امریکہ میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے سے دو امریکی فوجیوں سمیت 3 ہلاک ہو گئے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی میکسیکو سرحد پر گشت پر مامور نیشنل گارڈ کا ہیلی کاپٹر جمعہ کو ٹیکساس میں گر کر تباہ ہو گیا، جس میں دو فوجی اور ایک امریکی بارڈر پٹرولنگ ایجنٹ ہلاک ہو گیا اور ایک اور فوجی زخمی ہو گیا۔ امریکی فوج کے مطابق UH-72 لکوٹا ہیلی کاپٹر کو حادثہ ریو گرانڈے سٹی، ٹیکساس کے قریب دوپہر ڈھائی بجے کے بعد پیش آیا، حادثہ کے وقت ہیلی کاپٹر سرحد پر فضائی مانیٹرنگ کے سلسلے میں محو پرواز تھا۔ فوج نے حادثہ کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہے، فوج نے ایک بیان میں کہا کہ انھیں حادثہ کے وقت موسمی حالات کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں تھی۔