واشنگٹن: امریکی اٹارنی جنرل ولیم بار نے وفاقی استغاثہ کے اہلکاروں کو صدارتی الیکشن کے دوران مبینہ دھاندلی اور بے ضابطگیوں کی تفتیش کی اجازت دے دی ہے۔ بار نے پیر کے روز اس سلسلے میں مختلف ریاستوں کے اٹارنی جنرلز کو خطوط ارسال کرتے وقت بتایا کہ فی الحال فراڈ کے ثبوت سامنے نہیں آئے۔ امریکی ذرائع ابلاغ میں یہ خبریں بھی گردش کر رہی ہیں کہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے قریبی ساتھی ولیم بار کی جانب سے اس اجازت کے بعد محکمہ انصاف کے الیکشن کے دوران اس طرز کے جرائم کی تفتیش کرنے والے ذیلی محکمے کے سربراہ اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ پنسلوینیا، نیواڈا، جارجیا اور ایریزونا میں معمولی فرق سے ہارے، جس کے بعد وہ فراڈ کے الزامات لگا رہے ہیں۔