واشنگٹن :امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں کل کی رات ایک خوفناک فضائی حادثہ پیش آیا جس میں ایک مسافر بردار طیارہ اور فوج کا بلیک ہاک ہیلی کاپٹر آپس میں ٹکرا گئے۔ حکام کے مطابق اب تک 28 افراد کی نعشیں نکالی جا چکی ہیں جن میں 27 طیارے کے مسافر اور ایک ہیلی کاپٹر کا سوار شامل ہیں۔یہ حادثہ چہارشنبہ کی شب اس وقت پیش آیا جب کنساس سے واشنگٹن جانے والا امریکی ایئرلائنس کا طیارہ، رونلڈ ریگن نیشنل ایئرپورٹ کے قریب امریکی فوج کے بلیک ہاک ہیلی کاپٹر سے ٹکرا گیا۔ تصادم کے فوراً بعد طیارے کے کئی ٹکڑے اور ہیلی کاپٹر دریائے پوٹومک میں جا گرے۔ طیارے میں سوار 64 افراد سمیت عملہ کے ارکان سوار تھے۔امریکی محکمہ دفاع کے مطابق فوجی ہیلی کاپٹر ورجینیا کے فورٹ بیلوائر اڈہ سے اڑان بھرنے کے بعد واشنگٹن کی طرف جا رہا تھاجب یہ حادثہ کا شکار ہو گیا۔ سرد موسم اور دشوار حالات کے باوجود ریسکیو ٹیمیں رات بھر اس کوشش میں مصروف رہیں کہ ممکنہ طور پر کسی زندہ افرادکو بچایا جا سکے۔