امریکہ میں مستقل رہائش اور شہریت کا موقع، 10لاکھ ڈالر کے ‘گولڈ کارڈ ‘ پروگرام کا آغاز

   

واشنگٹن : 11 ڈسمبر ( یو این آئی ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ گولڈ کارڈ جس کا انہوں نے طویل عرصے سے وعدہ کر رکھا تھا، باضابطہ طور پر فروخت کے لیے پیش کر دیا گیا ہے۔خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق صدر ٹرمپ نے بدھ کو وائٹ ہاؤس کے روزویلٹ روم میں کاروباری رہنماؤں کی موجودگی میں پروگرام کے آغاز کا اعلان کیا اور اس کے ساتھ ہی درخواستیں قبول کرنے والی ویب سائٹ بھی لائیو ہو گئی۔اس کا مقصد غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے 1990 میں کانگریس کی جانب سے متعارف کرائے گئے ای بی-5 ویزا کا متبادل فراہم کرنا ہے۔یہ ویزا اْن افراد کے لیے دستیاب تھا جو تقریباً 10 لاکھ ڈالر خرچ کرکے ایسی کمپنی قائم کرتے جو کم از کم دس افراد کو ملازمت فراہم کرے۔صدر ٹرمپ اس نئے ورڑن کو امریکہ کے لیے اعلیٰ صلاحیت کے حامل لوگوں کو راغب کرنے اور اس کے ساتھ ساتھ وفاقی خزانے کے لیے آمدنی پیدا کرنے کا ذریعہ سمجھتے ہیں۔وہ کئی مہینوں سے گولڈ کارڈ پروگرام کی تشہیر کر رہے ہیں اور انہوں نے ایک موقع پر کہا تھا کہ ہر کارڈ کی قیمت 50 لاکھ ڈالر ہوگی، اگرچہ بعد میں انہوں نے یہ قیمت کم کرکے 10 لاکھ اور20 لاکھ مقرر کر دی تھی۔صدر نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت حاصل ہونے والی تمام رقم ’امریکی حکومت کو جائے گی‘ اور انہوں نے یہ پیش گوئی کی کہ اربوں ڈالر محکمہ خزانہ کے زیرِ انتظام ایک کھاتے میں آئیں گے جس سے ہم ملک کے لیے مثبت کام کر سکیں گے۔‘نیا پروگرام دراصل ایک گرین کارڈ ہے، جو مؤثر طور پر مستقل قانونی رہائش اور بعد میں شہریت کا موقع فراہم کرتا ہے۔امریکی صدر نے کہا کہ بنیادی طور پر یہ ایک گرین کارڈ ہی ہے لیکن اس سے کہیں بہتر، زیادہ طاقت ور، کہیں مضبوط راستہ۔صدر نے ان کمپنیوں کے لیے ملازمتیں پیدا کرنے کی کسی شرط کا ذکر نہیں کیا جو اس پروگرام کے لیے درخواست دیں گی۔