ڈاکٹر اسلم عبد اللہ کی انگریزی تصانیف کی رسم اجراء،نواب زاہدعلی خان اور ڈاکٹر قطب الدین کا خطاب
حیدرآباد۔ 2/فروری۔ ( راست ) ۔ ایڈیٹر روزنامہ سیاست نواب زاہد علی خان نے مسلمانوں کو تلقین کی کہ وہ اپنی نئی نسل کو دینی و عصری تعلیم سے آراستہ کرنے پر زیادہ توجہ دیں۔ کیونکہ علم ہی ایک ایسی دولت ہے جسے کوئی دوسرا چھین نہیں سکتا۔ دنیا میں چاہے جتنا بھی تعصب کیوں نہ ہو، اہل علم کی قدرو منزلت ہوتی ہے۔ نواب زاہد علی خان 2 فروری کو امریکہ میں مقیم ممتاز ادیب صحافی دانشور اور مبلغ ڈاکٹر اسلم عبد اللہ کی دو انگریزی تصانیف’’Muslim Education in India a Panoramic View ‘‘ اور ’ایفمی‘ عقیدہ تعلیم اور اختیارات کا سفر کی رسم اجراء انجام دینے کے بعد میڈیا سے مخاطب تھے۔ امریکہ میں مقیم ممتاز ماہر نفسیات ڈاکٹر محمد قطب الدین مہمان خصوصی تھے جبکہ اس موقع پر ڈاکٹر سید فاضل حسین پرویز، ریاض احمد، سید خالد شہباز اور انتصار علوی کے علاوہ ڈاکٹر اسلام الدین مجاہد اور منظور احمد بھی موجود تھے۔ نواب زاہد علی خان، ڈاکٹر اسلم عبد اللہ کی ملت اسلامیہ کے لئے گراں قدر خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ دعوت کے ایڈیٹر جناب محمد مسلم مرحوم کے فرزند نے امریکہ میں رہتے ہوئے اپنے وطن کے مسلمانوں کی تعلیمی اور معاشی صورت حال پر جس طرح سے گہرائی کے ساتھ اشارہ کرکے ایک تحقیقی کتاب مرتب کی ہے وہ قابل تعریف ہے۔انہوں نے ڈاکٹر اسلم عبد اللہ کی تصانیف کے اردو میں ترجمے کا مشورہ دیا۔ ڈاکٹر قطب الدین نے اس کی ذمہ داری میڈیا پلس کو تفویض کی۔ نواب زاہد علی خان نے ڈاکٹر محمد قطب الدین کی ملی، سماجی اور تعلیمی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ محمد علی کلے جیسے عظیم باکسر اور شخصیت کے مشیر ہوتے ہوئے، مغرب نے چار دہائیوں سے زیادہ عرصوں سے قیام کے باوجود اپنے وطن سے ان کی محبت مثالی ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر محمد قطب الدین کو امن کا سفیر قرار دیا۔ ان کی صاحبزادی ثناء قطب الدین کی بھی ستائش کی جو ’ایفمی‘ کی موجودہ صدر ہیں۔ڈاکٹر محمد قطب الدین نے کہا کہ نواب زاہد علی خان نے ہمیشہ ’ایفمی‘ کی سرپرستی کی ہے اور 2004ء میں حیدرآباد میں ایفمی کنونشن کے وہ میزبان رہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر اسلم عبد اللہ کی یہ خواہش تھی کہ ان کی کتابیں نواب زاہد علی خان کے دست مبارک سے اجراء ہوں اور ان کی خواہش کی تکمیل ہوئی ہے۔ ان کے لئے یہ تاریخ ساز دن ہے۔ انہوں نے نواب زاہد علی خان کو دورہ امریکہ کی دعوت دی اور کہا کہ نواب زاہد علی خان کی امریکہ میں تشریف آوری کے بعد شکاگو میں وہ ’اردو‘ فیسٹیول کا اہتما م کریں گے۔ جناب محمد ریاض احمد صحافی (سیاست) نے نظامت کے فرائض انجام دیئے اور انہوں نے ڈاکٹر اسلم عبد اللہ اور ڈاکٹر قطب الدین کا تعارف پیش کیا۔