نیویارک ۔ 5 اگست (ایجنسیز) امریکہ کے شہر نیویارک شہر میں پیر کو ایک مسافر ٹرین کے ڈبے میں آگ لگ گئی جس سے کم از کم ایک ڈبے میں دھواں بھر گیا۔ حکام اور ایک مسافر کی بنائی گئی ویڈیو کے مطابق مسافروں کو باہر نکال لیا گیا۔ نیویارک اور نیو جرسی پورٹ اتھارٹی، جو اس ٹرین کو چلاتی ہے، نے ایک بیان میں بتایا کہ صبح 6:19 بجے ایک مشرقی سمت جانے والی ٹرین میں آگ لگی اور مسافروں کو پلیٹ فارم پر منتقل کردیا گیا۔پورٹ اتھارٹی نے کہا کہ دھوئیں سے متاثرہ 13 افراد کو جائے وقوع پر علاج فراہم کیا گیا جن میں سے نو کو مزید تشخیص کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی 30 سیکنڈ کی ایک ویڈیو میں جرسی سٹی نیو جرسی میں نیوپورٹ سٹیشن پر پورٹ اتھارٹی ٹرانس ہڈسن ٹرین کے ایک ڈبے سے گھنا دھواں اٹھتا ہوا دکھایا گیا۔ ویڈیو میں لوگوں کو اس وقت ’’ دروازہ کھولو” اور “آہستہ، آہستہ” کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے جب وہ ٹرین کے ڈبے سے باہر نکل رہے تھے۔