امریکہ میں چینی ایپ ٹک ٹاک پر لگی پابندی، ٹک ٹاک ایپ ملک کی سیکیورٹی کےلیے ہے خطرہ: ڈونلڈ ٹرمپ کا اظہار خیال
واشنگٹن:7 اگست (سیاست نیوز)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک خصوصی حکم نامہ پر دستخط کرکے چین کی متنازعہ موبائل ایپلیکیشن ٹک ٹاک کمپنی بائٹ ڈانس سے لین دین پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ پابندی خصوصی حکم نامہ پر دستخط کرنے کے 45 دن بعد لاگو ہوگی۔ امریکی صدر ٹرمپ نے جمعرات کی دیر رات اس حکم نامہ ہر دستخط کیا ہے۔ اس حکم نامہ کے مطابق امریکہ میں چین کی بائٹ ڈانس کمپنی اور اس سے منسلک دیگر کمپنیوں کے ساتھ کسی بھی قسم کے لین دین پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ امریکہ میں اب کوئی بھی شخص یا کمپنی بائٹ ڈانس کے ساتھ کسی بھی قسم کا لین دین نہیں کر پائے گی۔
اس حکم نامہ کے مطابق چین کے موبائل ایپ کے امریکہ میں پھیلاؤ سے ملک کی قومی سلامتی خارجہ پالیسی اور معیشت کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے اس لئے ایسے موبائل ایپ خاص طور پر ٹک ٹاک پر کارروائی کرنا ضروری ہے۔ یہ حکم نامہ پر دستخط ہونے کے 45 دن بعد نافذالعمل ہوگا۔ چینی کمپنی بائٹ ڈانس کے اس ایپ پر لاکھوں امریکی شہریوں کی نجی معلومات اور ڈاٹا چوری کرنے کا الزام ہے جس کی تحقیقات ٹرمپ انتظامیہ مسلسل کررہی ہے۔
سب سے بڑی بات یہ ہے کہ امریکی بحریہ نے نجی حفاظتی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے گذشتہ سال اپنے ملازمین سے تمام سرکاری آلات سے اس ایپ کو ہٹانے کی درخواست کی تھی۔ ٹک ٹاک نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے پہلے کئی مرتبہ کہا ہے کہ وہ صارفین کی معلومات چین حکومت کو نہیں بھیجتا ہے۔ ٹک ٹاک ایک سوشل میڈیا ایپ ہے جس پر صارفین کی معلومات چوری کرنے کا الزام ہے۔
جب سے کورونا کا قہر چل رہا ہے مسلسل ڈونلڈ ٹرمپ چین سے بیحد ناراض چل رہے ہیں۔ انہوں نے کئی بار کھلے عام چین پر کورونا پھیلانے کا الزام لگایا ہے۔ ایک ہفتہ پہلے ہی ٹرمپ نے ٹک ٹاک پر پابندی عائد کرنے کے اشارے دیے تھے،انہوں نے کہا تھا کہ کئی سارے متبادل پر بھی غور وفکر کر رہے ہیں۔