امریکہ میں چینی مواصلاتی کمپنی کا اجازت نامہ منسوخ

   

واشنگٹن: امریکی حکومت نے قومی سلامتی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے چائنا ٹیلی کام کی کاروباری سرگرمیوں کا اجازت نامہ منسوخ کر دیا۔ فیڈرل کمیونیکیشن کمیشن ایف سی سی نے اعلان کیا کہ اس نے چینی ٹیلی کام کمپنی کی امریکی ذیلی کمپنی کو تمام اندرون ملک اور بین الاقوامی خدمات ختم کرنے کے لیے 60دن کی مہلت دی ہے۔ایف سی سی کا کہنا ہے کہ چینی ملکیت اور چائنا ٹیلی کام کا اس ذیلی کمپنی پر کنٹرول قومی سلامتی اور نفاذ قانون کے معاملات میں باعث تشویش حد تک خطرات جنم دیتا ہے۔ نگران ادارے کا کہنا ہے کہ ان حالات میں امریکہ کے خلاف جاسوسی اور دیگر نقصان دہ سرگرمیوں کے مواقع فراہم ہوتے ہیں۔ چائنا ٹیلی کام کو جنوری میں نیویارک حصص منڈی سے خارج کر دیا گیا تھا۔واضح رہے کہ صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ نے چینی ہائی ٹیک کمپنیوں میں امریکیوں کی سرمایہ کاری پر مزید قدغن لگا نے کے لیے اقدامات شروع کردیے ہیں۔