نیویارک: جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں اب تک ایک کروڑ 15 لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ نیویارک میں کوروناوائرس کی دوسری لہر کے بعد تمام اسکول جمعرات سے بند کر دیے گئے ہیں۔نیویارک کے میئر بل دی بلاسیو نے اپنے ایک ٹوئٹ میں اعلان کیا کہ کوروناوائرس کی احتیاط کے پیش نظر تمام اسکول جمعرات سے بند کر دیے جائیں گے۔ نیویارک میں کوروناکے مثبت کیسز کی یومیہ شرح دو فی صد ہونے پر ستمبر کے آخر اور اکتوبر کے اوائل میں ہی اسکول کھولے گئے تھے تاہم مثبت کیسز کی شرح بڑھنے کے بعد دوبارہ اسکول بند کیے گئے ہیں۔نیویارک شہر میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مثبت ٹیسٹ کی یومیہ شرح تین فی صد سے بھی زیادہ ریکارڈ کی گئی ہے۔یاد رہے کہ امریکہ کے کسی بھی شہر کے مقابلے میں کوروناسے سب سے زیادہ اموات نیویارک میں رپورٹ ہوئی ہیں۔عالمی وبا سے امریکہ میں اب تک ڈھائی لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک اور ایک کروڑ 15 لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔