یوروپ سے زیادہ امریکہ کے متاثر ہونے کا اندیشہ: ڈبلیو ایچ او
نیویارک۔24 مارچ ۔( سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ میں کورونا وائرس (کووڈ۔19) کے معاملہ روزبروز بڑھتے ہی جا رہے ہیں اور اب تک اس وبا سے ملک میں 557 افراد کی موت ہو چکی ہے ۔جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سائنس اور انجینئرنگ سینٹر (سی ایس ایس ای) نے پیر کو یہ اطلاع دی۔سی ایس ایس ای کے مطابق امریکہ میں اب تک کورونا وائرس کے 43ہزار 847 متاثرین کی تصدیق ہو چکی ہے۔ امریکہ کے شہر نیویارک میں وبا سے سب سے زیادہ 99 اموات ہو چکی ہیں جس کے بعد کنگز کاؤنٹی میں اس وبا سے 75 لوگوں کو اپنی جان گنوانی پڑی ہے ۔عالمی صحت تنظیم نے یہ اندیشہ ظاہر کیا کہ امریکہ میں کورونا وائرس سے یوروپ کے مقابل زیادہ افراد کے متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔ امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ اگرچہ ڈسمبر میں چین سے یہ وباء پھیلی ہے لیکن یہ وباء ایشیا اور یور وپ تک پھیل گئی ہے ۔ عالمی صحت تنظیم کے ترجمان مارگریٹ ہیرس نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ گزشتہ رات عالمی صحت تنظیم کو رپورٹ کئے گئے کورونا وائرس کے کیسس میں 85 فیصد کا تعلق یوروپ اور امریکہ سے ہے۔