امریکہ میں کورونا وائرس سے11ہندوستانی فوت

,

   

مرنے والوں کااتراکھنڈ‘مہاراشٹرا‘ کرناٹک اور یوپی سے تعلق‘دیگر16 متاثر

واشنگٹن ۔ 9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ میں کوروناوائرس سے کم از کم 11 ہندوستانی فوت ہوگئے جبکہ دیگر 16 ہندوستانی اس وائرس سے متاثر پائے گئے تھے۔ امریکہ میں تاحال اس وباء سے 14000 سے زیادہ افراد فوت ہوچکے ہیں اور متاثرین کی تعداد لاکھوں میں بتائی گئی ہے۔ بتایا گیا ہیکہ امریکہ میں کوروناوائرس سے فوت ہونے والے تمام ہندوستانی افراد مرد ہیں۔ 10 افراد نیویارک اور نیوجرسی میں فوت ہوئے ہیں۔ چار سے متعلق بتایا جارہا ہیکہ وہ نیویارک سٹی میں ٹیکسی ڈرائیور تھے۔ نیویارک سٹی کوروناوائرس کی وباء سے سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں 6000 سے زیادہ شہری فوت ہوچکے ہیں جبکہ متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 38 ہزار بتائی گئی ہے۔ اسی طرح نیوجرسی میں 1500 افراد فوت ہوئے ہیں اور متاثرین کی تعداد 48000 ہیں۔ ایک ہندوستانی کی فلوریڈا میں کوروناوائرس سے موت ہوئی ہے۔ کیلیفورنیا اور ٹیکساس میں ہندوستانی نژاد افراد کی شناخت کی جارہی ہے۔ 16 ہندوستانی متاثرین میں 4 خواتین ہیں جو مثبت پائی گئی ہیں اور انہیں سیلف کورنٹائن میں رکھا گیا ہے۔ امریکہ میں کورناوائرس سے متاثرہ ہندوستانیوں کا تعلق اترکھنڈ، مہاراشٹرا، کرناٹک اور اترپردیش سے بتایا گیا ہے۔ متاثرہ ہندوستانیوں کی مدد کیلئے ہندوستانی سفارتخانہ اور امریکہ کے تمام قونصل خانے مقامی حکام کے ساتھ ضروری امداد فراہم کررہے ہیں۔ وباء کو پھیلنے سے روکنے کیلئے سخت قواعد پر عمل کیا جارہا ہے اور سفری پابندیاں عائد ہیں جس کی وجہ سے مقامی حکام کی جانب سے مرنے والوں کی آخری رسومات انجام دی جارہی ہیں اور خاندان کے قریبی افراد کو بھی شامل ہونے کی اجازت نہیں ہے۔