امریکہ میں کورونا وائرس کے بعد سائیکلون کا قہر، 6ہلاک

   

واشنگٹن، 13 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کرونا وائرس (کووڈ۔19) سے دنیا میں سب سے زیادہ ہلاکتوں کو جھیل رہے امریکہ پر قدرت کی دوہری مار پڑی ہے ۔ امریکہ کے میسی سیپی ریاست میں سائیکلون آنے سے کم سے کم چھ لوگوں کی موت ہوگئی ہے ۔ریاست کی ایمرجنسی منیجمنٹ ایجنسی نے پیر کو بتایا کہ اتوار کو سائیکلون کی زد میں آنے سے جیفرسن ڈیوس کاؤنٹی میں تین، لارینس کاؤنٹی میں دو اوروالٹ ہال کاؤنٹی میں ایک شخص کی موت ہوگئی۔ یہ سبھی علاقے ریاست کے جنوبی حصے میں واقع ہیں۔مقامی میڈیا نے بتایا ہے کہ یہ سائیکلون ‘تباہ کن نقصانات کی وجہ بنا جس کی وجہ سے قومی محکمہ موسمیات (این ڈبلیو ایس) کو سائیکلون ایمرجنسی جاری کرنا پڑا۔ یہ سائیکلوں کے لئے اعلی سطح کی وارننگ ہوتی ہے ۔ ایجنسی نے ٹوئٹ کیا کہ ‘‘یہ ابتدائی خبریں ہیں اور جانکاری مہیا ہونے پر اپڈیٹ جاری کئے جاتے رہیں گے ۔’’میسی سیپی کے گورنر ٹیٹ ریوس نے ریاست کے لوگوں سے ان سنگین سائیکلون کو بہت سنجیدگی سے لینے کی اپیل کی ہے ۔ رپورٹوں کے مطابق ٹکساس اور لوسیانہ سمیت جنوبی ریاستوں میں بھی سائیکلون کی تباہی دیکھنے کو ملی جہاں کئی عمارتیں تباہ ہوگئیں۔ پیر کی رپورٹ کے مطابق سائیکلون کی وجہ سے میسی سیپی اور لوسیانہ میں ساٹھ ہزار لوگوں کو بغیر بجلی کے رہنا پڑاہے ۔واضح رہے کہ کرونا سے دنیا میں سب سے سنگین صورت حال امریکہ کی ہے جہاں اب تک پانچ لاکھ 55ہزار سے زیادہ لوگ اس وائرس سے متاثر ہیں اور اس کی وجہ سے بائیس ہزار سے زیادہ لوگوں کی جانیں جاچکی ہیں۔