واشنگٹن : کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون کی امریکہ میں تصدیق کے بعد بائیڈن انتظامیہ نے ملک میں داخلے کے قوانین مزید سخت کردیے ہیں۔ آئندہ ہفتے سے امریکہ کے لیے روانگی سے پہلے تمام مسافروں کو کورونا وائرس کے ٹسٹ کی منفی رپورٹ پیش کرنا ہوگی، جو چوبیس گھنٹے سے زیادہ پرانی نہ ہو۔ یہ احکامات امریکی شہریوں سمیت دیگر غیر ملکی افراد پر لاگو ہوتے ہیں، پھر چاہے وہ ویکسین لگوا چکے ہوں۔ بغیر کورونا ویکسین لگوائے امریکہ میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ امریکی صدر جو بائیڈن چاہتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ افراد کورونا وائرس کی ویکسین یا پھر بوسٹر شاٹس لگوائیں۔