فرد جرم عائد‘ ٹھیکہ حاصل کرنے 2 ہزار کروڑ روپے رشوت دی
وارنٹ جاری
نیویارک:گوتم اڈانی، ان کے بھتیجے ساگر اڈانی اور دیگر پر امریکی پراسیکیوٹرز نے ہندوستانی عہدیداروں کو رشوت دینے اور سرمایہ کاروں کو گمراہ کرنے کے الزامات عائد کیے ہیں۔ امریکی شہر بروکلین، نیویارک میں درج مقدمے میں اڈانی اور ان کے ساتھیوں پر الزام ہے کہ انہوں نے حکومت ہند سے شمسی توانائی کے ٹھیکے حاصل کرنے دو سو پچاس ملین ڈالر (تقریباً دو ہزار کروڑ روپے) رشوت دی۔اڈانی گروپ پر پہلے بھی امریکی شارٹ سیلر ہنڈنبرگ ریسرچ کی جانب سے ٹیکس چوری کرنے کا الزام لگایا گیا تھا تاہم کمپنی نے اس کی تردید کی ہے۔امریکی محکمۂ انصاف کے مطابق اڈانی گروپ نے 3 بلین ڈالر کے قرضے اور بانڈز حاصل کرنے کے لیے اپنی بدعنوانی کو چھپایا۔ ملزمین نے امریکی سرمایہ کاروں کو جھوٹے دعوؤں کے ذریعہ راغب کیا اور رشوت کی ادائیگی کو پوشیدہ رکھا۔ پراسیکیوٹرز نے الزام عائد کیا کہ اڈانی اور دیگر ملزمین نے امریکی سرمایہ کاروں سے فنڈز اکٹھا کرنے کے منصوبے کے بارے میں جھوٹ بولا۔ پانچ نکاتی فرد جرم میں ساگر آر اڈانی، وینیت ایس جین اور دیگر افراد جو امریکہ، سنگاپور اور ہندوستان میں مقیم ہیں ایک آسٹریلوی شہری اور آندھرا پردیش کے ایک سرکاری اہلکار جن کی عدالتی دستاویزات میں ’فارن آفیشل 1‘ کے طور پر شناخت کی گئی ہے پر امریکی وفاقی قوانین کی خلاف ورزی کا الزام لگایا گیا ہے۔بلومبرگ کے مطابق امریکی حکام اس بات کی تحقیقات کر رہے تھے کہ آیا اڈانی گروپ نے رشوت دی اور کمپنی کے ارب پتی بانی کے طرزِ عمل میں بھی بدعنوانی شامل تھی۔ ملزمین نے انصاف میں رکاوٹ ڈالنے کیلئے الیکٹرانک شواہد مٹا دیے اور جسٹس ڈپارٹمنٹ، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن اور ایف بی آئی کے نمائندوں سے جھوٹ بولا۔ چہارشنبہ کو ایس ای سی نے ایک علیحدہ دیوانی مقدمہ بھی دائر کیا۔پراسیکیوٹرز کا کہنا ہے کہ اڈانی خاندان اور اڈانی گرین انرجی کے سابق سی ای او وینیت جین نے قرضوں اور بانڈز کی شکل میں 3 بلین ڈالر سے زیادہ رقم اکٹھا کی جبکہ اپنی بدعنوانی کو قرض دہندگان اور سرمایہ کاروں سے چھپایا۔فرد جرم کے مطابق کچھ سازشی افراد نے نجی طور پر گوتم اڈانی کیلئے ’نومرو اونو‘ اور ’بِگ مین‘ جیسے کوڈ نام استعمال کیے جبکہ ساگر اڈانی مبینہ طور پر اپنے موبائل فون کے ذریعے رشوت سے متعلق تفصیلات کا پتہ لگاتے رہے۔کیس اڈانی گرین انرجی لمیٹڈ اور ایک دوسری کمپنی کے درمیان 12 گیگا واٹ شمسی توانائی ہندوستانی حکومت کو فروخت کرنے کے معاہدے سے متعلق ہے۔ گوتم اڈانی اور ان کے بھتیجے ساگر اڈانی کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے گئے ہیں ۔ وارنٹ امریکہ میں ہندوستانی سفارتی حکام کے حوالے کرنے کا امکان ہے ۔
امریکہ میں مقدمہ، اڈانی کے شیئروں میں زبردست گراوٹ
نئی دہلی: امریکہ نے اڈانی گروپ کے سربراہ گوتم اڈانی اور اس کے کچھ سینئر ایگزیکٹونز کے خلاف امریکی سرمایہ کاروں اور عالمی مالیاتی اداروں سے ‘جھوٹے اور گمراہ کن’ حقائق کی بنیاد پر فنڈ اکٹھا کرنے کیلئے اربوں ڈالر کی اسکیم میں اس کے مبینہ رول پرامریکہ کی ایک عدالت میں چارج شیٹ داخل کی گئی ہے ۔ دریں اثنا، اڈانی گروپ کی کمپنیوں کے شیئرز جمعرات کی صبح بی ایس ای میں 20 فیصد تک گر کر 2256.20 روپے فی شیئر پرآ گئے ۔ بروکلین کی ایک عدالت میں دائر فرد جرم کے مطابق2020 اور 2024 کے درمیان مدعا علیہان نے ہندوستان میں حکومت کے ساتھ شمسی توانائی کی فراہمی کے منافع بخش معاہدے حاصل کرنے کے لیے سرکاری اہلکاروں کو 250 ملین ڈالر سے زیادہ کی رشوت دینے پر اتفاق کیاتھا۔