بائیڈن کی سابق ایڈوائزرنیرا ٹنڈن کااظہار افسوس‘ حملوں کیخلاف جدوجہد کی ترغیب
واشنگٹن :امریکی ڈومیسٹک پالیسی کونسل کی ڈائرکٹر اور صدر جو بائیڈن کی سابق سینئر ایڈوائزر نیرا ٹنڈن نے موجودہ سیاسی ماحول میں ہندوستانی امریکیوں کے خلاف نسل پرستی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر جذباتی انداز میں خطاب کیا۔ ہندوستانی امریکی شخصیات پر حالیہ حملوں کی بڑھتی ہوئی لہر پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعی افسوسناک ہے۔ انہوں نے ان حملوں کے خلاف کھڑے ہونے کی اہمیت پر زور دیا اور ہندوستانی امریکیوں کو سیاسی بحث میں حصہ لینے کی ترغیب دی۔ انہوںنے کہاکہ ہمیں ان لوگوں کے خلاف لڑنا ہوگا جو ہمیں مکمل امریکیوں کے طور پر نہیں دیکھتے ہیں۔ انہوں نے اس باتپ فخر کا اظہار کیاکہ پہلے سے کہیں زیادہ ہندوستانی امریکی عہدوں کے لئے انتخاب لڑ رہے ہیں۔ ٹنڈن نے حکومت کی تمام سطحوں پر مساوی نمائندگی کی ضرورت پر زور دیا۔ ٹنڈن اس سے قبل سنٹر فار امریکن پروگریس کے صدر کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں۔ انہوں نے فیصلہ سازی کے عمل، خاص طور پر صحت کی دیکھ بھال، تعلیم اور امیگریشن جیسے شعبوں میں متنوع آوازوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے امریکہ اور ہندوستان کے درمیان مضبوط ہونے والے تعلقات پر بھی روشنی ڈالی۔ لوگوں سے لوگوں کے روابط کو فروغ دینے میں ہندوستانی۔امریکی باشندوں کے کردار پر زور دیااورکہا کہ ہندوستانی۔امریکی کمیونٹی نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ میں ایک اہم کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے وائٹ ہاؤس میں کام کی مشکل لیکن فائدہ مند نوعیت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بہت سارے معاملات پر کام کرنے کا بہت بڑا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ نیرا نے امریکی جمہوری نظام کی طاقت پر اپنے یقین کا اظہار کرتے ہوئے، ہندوستانی امریکیوں پر زور دیا کہ وہ سیاسی منظر نامے میں مساوات، شناخت اور نمائندگی کیلئے جدوجہد کرتے رہیں۔