امریکہ میں ہندوستانیوں کی ہراسانی روکنے مودی حکومت مداخلت کرے

   

وی ہنمنت راؤ کا مطالبہ، ملک میں پسماندہ طبقات کے ساتھ ناانصافی
حیدرآباد ۔ 31۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے الزام عائد کیا کہ ٹرمپ نظم و نسق امریکہ میں ہندوستانیوں کے ساتھ ناانصافی کا رویہ اختیار کئے ہوئے ہیں ۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ ہندوستانیوں کو مختلف وجوہات کی بنیاد پر وطن واپس بھیجنے کی سازش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گرین کارڈ ہولڈرس کو بھی امریکی حکام کی جانب سے ہراساں کیا جارہا ہے ۔ ویزا کی مدت کی برقراری کے باوجود ہندوستانیوں کو ہراسانی کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں نریندر مودی حکومت کو فوری مداخلت کرتے ہوئے امریکی حکومت کی ہراسانی کو روکنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کو دیگر ممالک میں ہندوستانیوں کے مفادات کے تحفظ سے زیادہ فرقہ وارانہ سیاست کے ذریعہ عوام کو تقسیم کرنے میں دلچسپی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکیمات سے گاندھی اور نہرو کے ناموں کو علحدہ کیا جارہا ہے۔ ہنمنت راؤ نے بتایا کہ کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں منریگا اسکیم کی برخواستگی کے خلاف دیہی سطح پر احتجاج منظم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس حکومت کے اقدامات کے نتیجہ میں عنقریب تلنگانہ ملک کی نمبر ون ترقی یافتہ ریاست بن جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ منریگا اسکیم کی بحالی کیلئے دیہی سطح پر احتجاج کے ذریعہ مرکز پر دباؤ بنایا جائے گا۔ وزیراعظم نریندر مودی خود کو او بی سی قرار دے رہے ہیں لیکن گزشتہ دس برسوں میں پسماندہ طبقات کے ساتھ ناانصافی کا رویہ برقرار ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجالس مقامی میں پسماندہ طبقات کو 42 فیصد تحفظات کا بل مرکز کی منظوری کا منتظر ہے۔ انہوں نے صدر جمہوریہ دروپدی مرمو سے بل کی منظوری کا مطالبہ کیا۔1