امریکہ میں ہندوستانی آم کی دستیابی

   

آئندہ سیزن سے اجازت ، امریکی حکام کا آم کے اقسام کا معائنہ
حیدرآباد۔24 نومبر(سیاست نیوز) امریکہ میں رہنے والے ہندستانی شہریوں کو آئندہ سیزن سے آم ملنے لگ جائیں گے اور اب بہ آسانی ہندستانی آم کے اقسام امریکہ میں میسر آنے لگیں گے کیونکہ امریکی حکام کی جانب سے کئے جانے والے معائنوں میں ہندستانی آموں کی اقسام دسہری اور لنگڑا کو منظوری حاصل ہوجانے کی توقع ہے۔ ہندستانی پھلوں کا بادشاہ آم آئندہ موسم کے دوران امریکی سوپر مارکٹس میں نظر آئے گا جن میں دسہری اور لنگڑا شامل رہے گا۔امریکہ میں بیرون ملک سے لائے جانے والے پھلوں کے لئے خصوصی اجازت کا حصول لازمی ہے اور جب تک امریکی حکام کی جانب سے پھلوں کے قابل استعمال ہونے اور نقصاندہ نہ ہونے کی سند نہیں دی جاتی اس وقت تک دیگرممالک سے لائے جانے والے پھلوں کو فروخت نہیں کیا جاسکتا ۔بتایا جاتا ہے کہ ہند۔امریکہ تجارتی تعلقات میں بہتری اور استحکام کے لئے کی جانے والی کوششوں کے دوران دسہری اور لنگڑاکے علاوہ دیگر آم کے اقسام کو منظوری حاصل ہونے کے امکانات ہیں ۔امریکہ میں اب تک جو آم فروخت کئے جاتے تھے وہ تجارتی غرض کے لئے نہیں لے جائے جاسکتے تھے لیکن اب تجارتی اغراض کے لئے آم کو لانے کی اجازت کے حصول کے بعدامریکی سوپر مارکٹس میں ہندستانی آم میسر آئیں گے۔ ذرائع کے مطابق امریکہ میں فی الحال الفانسو کے علاوہ دیگر کسی بھی قسم کے آم کو فروخت کرنے کی اجازت حاصل نہیں تھی اور نہ ہی کسی آم کی قسم کو امریکی حکام نے بغرض تجارت منظوری نہیں دی ہے۔بتایاجاتا ہے کہ ہند ۔امریکی تجارت میں آم کی ان اقسام کو منظوری کے حصول پر خصوصی نظر ہے اور امریکی حکام نے اپنے ہندستانی ہم منصبوں کو اس بات کا تیقن دیا ہے کہ اس مرتبہ ان آموں کو منظوری حاصل ہوجائے گی۔امریکہ میں جو آم فروخت ہوتے ہیں ان میں ہندستانی آم نہ ہونے کی مختلف وجوہات ہیں لیکن اب جبکہ ہندستانی آم کی فروخت کی راہ ہموار ہونے لگی ہے تو کہا جا رہاہے کہ آئندہ برسوں میں دیگر اقسام کو بھی منظوری حاصل ہوجائے گی۔ کورونا وائرس کے سبب گذشتہ دو برسوں کے دوران امریکہ میں کسی بھی ملک کے آم نہیں لائے جاسکے ہیں۔م