واشنگٹن ۔ /29 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی نژاد امریکی شہریوں کا ایک اجتماع مہاتما گاندھی کے مجسمہ کے روبرو ہندوستانی سفارتخانہ کے احاطہ میں پرامن انداز میں منعقد کیا گیا اور ہندوستان کے شہریت (ترمیمی) قانون سی اے اے کے خلاف احتجاج کیا گیا ۔ احتجاجی مظاہرے میں ہندو ، سکھ ، بدھ مت کے پیرو ، جین ، پارسی اور عیسائی برادری کے افراد بھی شامل تھے ۔ /31 ڈسمبر 2014 ء کو بی جے پی حکومت تشکیل پائی تھی جس کے بعد مذہبی بنیاد پر ہندوستانی شہریوں کو تقسیم کرنے کی کوشش شروع ہوگئی تھی ۔ اس احتجاجی مظاہرے میں مظاہرین نے جن کی تعداد 150 تھی ، ہم نفرت کے خلاف متحد ہیں اور ہندوستان کے تکڑے کرنا بند کرو تحریر کیا گیا تھا پوسٹرس لہرائے گئے ۔ ہفتہ کے دن ہندوستانی نژاد امریکی شہریوں نے عظیم تر واشنگٹن کے علاقہ میں بھی احتجاجی مظاہرہ کیا تھا ۔ بی جے پی زیرقیادت حکومت کے خلاف نعرے لگائے گئے اور قومی ترانہ گایا گیا ۔ احتجاجی مظاہرین مہاتما گاندھی کے مجسمہ کو گھیرے ہوئے حب الوطنی کے گیت گارہے تھے اور انہوں نے مذہب کی بنیاد پر ہندوستان کو تقسیم کرنے کی کوششیں بند ہونے تک احتجاج جاری رکھنے کا عہد کیا ۔ ہندوستانی سفارتخانہ میں اس نوعیت کا گزشتہ 9 دن میں یہ تیسرا احتجاجی مظاہرہ تھا ۔ ہندوستان میں بھی لفظ مسلم حذف کرنے کے خلاف ملک گیر احتجاج جاری ہے ۔