واشنگٹن ۔ 6 نومبر (ایجنسیز) امریکہ میں اس ہفتے مختلف ریاستوں میں انتخابات ہوئے ہیں ۔ عام طور پر امریکی صدارتی انتخابات ہی دنیا کی توجہ کا مرکز بنتے ہیں، لیکن اس بار گورنر اور میئر کے انتخابات نے بھی ملک بھر میں خاصی دلچسپی پیدا کی ہے۔امریکی وقت کے مطابق منگل کو چار بڑی ریاستوں نیویارک، ورجینیا، کیلیفورنیا اور نیو جرسی ۔ میں گورنر اور میئر کے لیے ووٹنگ ہوئی۔ موجودہ صورتحال میں جب وفاقی حکومت ’شٹ ڈاؤن‘ کے بحران سے گزر رہی ہے، ان ریاستی انتخابات کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ورجینیا ریاست کے نتائج سامنے آچکے ہیں جہاں سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی ریپبلکن پارٹی کو بڑا دھکہ لگا ہے۔ ریپبلکن امیدوار سیئرز کو شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ڈیموکریٹ امیدوار ابیگیل اسپین برگر نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے گورنر کا عہدہ جیت لیا۔ ابیگیل نے 14.80 لاکھ ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے حریف سیئرز کو 11.61 لاکھ ووٹ ملے۔ اس طرح ابیگیل نے 3.20 لاکھ ووٹوں کی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی اور ورجینیا کی پہلی خاتون گورنر بن کر تاریخ رقم کی۔دوسری جانب سنسناٹی کے میئر انتخابات میں ریپبلکن امیدوار کوری باؤمن کو بھی شکست ہوئی۔ وہ موجودہ نائب صدر جے ڈی وینس کے سوتیلے بھائی ہیں۔ ان پر ڈیموکریٹ امیدوار آفتاب پْروال نے کامیابی حاصل کی۔آفتاب پْروال دوسری بار میئر منتخب ہوئے ہیں۔ وہ پہلی مرتبہ 2021 میں اس عہدے پر فائز ہوئے تھے۔ مئی میں ہونے والے بلدیاتی پرائمری انتخابات میں انہوں نے 80 فیصد سے زائد ووٹ حاصل کیے تھے۔نیویارک کے میئر کی حیثیت سے ظہران ممدانی جبکہ ورجینیا کی لیفٹننٹ گورنر کے طور پر غزالہ ہاشمی منتخب ہوئے۔