امریکہ میں 5.5 کروڑ غیرملکیوں کے ویزوں کی دوبارہ جانچ

,

   

واشنگٹن 22 اگست (ایجنسیز) ٹرمپ انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ میں موجود تقریباً 5 کروڑ 50 لاکھ غیرملکی شہریوں کے ویزا دستاویزات کی سخت جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ویزا شرائط کی خلاف ورزیوں کو روکنے اور سکیورٹی وجوہات کی بنا پر اٹھایا گیا ہے۔اس جائزے کے دوران ایسے افراد کو نشانہ بنایا جائے گا جو امریکہ میں جرائم یا دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے ہوں، کسی دہشت گرد تنظیم کی حمایت کرتے ہوں، ویزا کی مدت ختم ہونے کے بعد بھی مقیم ہوں یا پھر عوامی سلامتی کے لیے خطرہ ثابت ہوں۔اس سلسلے میں امریکی محکمہ خارجہ نے واضح کیا ہے کہ متعلقہ افراد کے ویزے کسی بھی وقت منسوخ کیے جا سکتے ہیں۔ ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ امریکہ میں رہائش پذیر غیرملکیوں کے معاملات اور ویزا سے متعلق خلاف ورزیوں کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔