واشنگٹن ۔22اپریل ( سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈٹرمپ کی طرف سے گرین کارڈ فراہم کرنے کے سلسلے کو آئندہ 60 روز کے لیے معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کا بنیادی مقصد امریکا میں نئے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے عمل کو روکنا بتایا گیا ہے۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ اس فیصلے سے کووڈ-19 کے سبب معاشی مندی کے ماحول میں امریکی شہریوں کو روز گار کے زیادہ مواقع بھی میسّر ہو سکیں گے۔ اس ایگزیکیٹیو آرڈر سے صرف وہ لوگ متاثر ہوں گے، جو امریکا میں مستقل رہائش نامہ حاصل کرنے کے خواہاں ہے جبکہ امریکا میں عارضی طور پر ملازمتیں حاصل کرنے والے افراد پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ اس عالمی وبا سے مقابلے کے لیے ٹرمپ امریکا میں عارضی امیگریشن کو معطل کرنے کا اعلان کر چکے ہیں۔