امریکہ ‘نیو جرسی میںکانگریس کی یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب

   

ریونت ریڈی کی شرکت، تلنگانہ میں کانگریس کے اقتدار کی پیش قیاسی
حیدرآباد۔/3جون، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے امریکہ کے نیوجرسی میں یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ عوام کے سی آر حکومت سے سخت نالاں ہیں اور بدعنوانیوں اور کرپشن میں ملوث حکومت کو بیدخل کرنے کیلئے تیار ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ عوام کو غور کرنا ہوگا کہ کے سی آر کی بدعنوانیوں کا سلسلہ آخر کب تک جاری رہے گا۔ تلنگانہ کی ترقی میں ہر کسی کی حصہ داری ہونی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے اقتدار کے ذریعہ ہی ریاست کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود ممکن ہے۔ علحدہ تلنگانہ تشکیل کیلئے سماج کے ہر طبقہ نے جدوجہد کی اور نوجوانوں نے اپنی جان کی قربانی دی لیکن تشکیل تلنگانہ کے بعد صرف کے سی آر خاندان کو فائدہ ہوا اور کے سی آر خاندان نے ریاست کے اثاثہ جات کو لوٹ لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلگو عوام کی جانب سے امریکہ میں یوم تاسیس تقاریب کا انعقاد خوش آئند ہے۔ امریکہ میں مقیم تلگو عوام کو ریاست کی ترقی سے دلچسپی ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ گذشتہ 9 برسوں میں 5 لاکھ کروڑ کا قرض حاصل کرتے ہوئے عوام پر اضافی بوجھ عائد کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے انتخابات کے موقع پر جو وعدے کئے تھے ان پر عمل آوری نہیں کی گئی۔ کے سی آر کو عوام نے دو مرتبہ اقتدار کا موقع دیا لیکن انہیں مایوسی ہوئی۔ تلنگانہ کی تشکیل سونیا گاندھی کی مساعی کا نتیجہ ہے اور آئندہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس برسراقتدار آئے گی۔ ریونت ریڈی امریکہ میں کانگریس قائد راہول گاندھی کے پروگراموں میں شرکت کیلئے پہنچے ہیں۔ انہوں نے تلگو عوام کی راہول گاندھی سے ملاقات کا اہتمام کیا۔ر