امریکہ نے روس کی ایران جنگ بندی کی قرارداد ویٹو کردی

   

نیویارک، 12 مارچ (یو این آئی) امریکہ نے سلامتی کونسل میں ایران سے جنگ ختم کرنے کی روس کی قرارداد ویٹو کردی۔ سلامتی کونسل میں روس کی جانب سے پیش کردہ جنگ بندی کی قرار داد منظور نہ ہوسکی، قرارداد کے حق میں 4 اور مخالفت میں 2 ووٹ ڈالے گئے جبکہ9 ارکان غیرحاضر رہے ۔ دوسری جانب سلامتی کونسل میں ایران کی پڑوسی ممالک پر حملوں کے خلاف قرارداد منظور کرلی گئی جس میں ایران سے خلیجی ریاستوں پر حملے روکنے کا مطالبہ کیا گیا۔ خلیجی ممالک کی جانب سے تیار مسودہ کے حق میں 13ووٹ آئے ۔ ایران کے حملوں کی مذمت سے متعلق قرارداد پر چین اور روس غیرحاضر رہے ۔ پاکستان نے خلیجی ممالک کی جانب سے ایران کے خلاف پیش قرارداد کے حق میں ووٹ دیا۔ قرارداد میں کہا گیا کہ ایران کے حملے عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں اور عالمی امن اور سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ روسی مندوب نے سلامتی کونسل سے خطاب میں واضح کیا کہ امریکہ اور اسرائیل کے ایران پر حملے سے مشرق وسطیٰ کی صورتحال خراب ہوئی، کسی ملک کی شہری آبادی پر حملہ ناقابل قبول ہے ، انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایران پر حملے فوری بند کیے جائیں۔ سلامتی کونسل سے خطاب میں چینی مندوب نے تنازعات کا حل مذاکرات سے ہی ممکن قرار دیا اور کہا کہ جنگ کسی کے مفاد میں نہیں،طاقت کا استعمال مسائل کاحل نہیں، طاقت کا استعمال ہمیشہ نفرت کو تقویت دیتا ہے ۔