واشنگٹن: امریکہ نے سوڈان میں مظاہرین کے خلاف فوج کے پرتشدد کریک ڈاؤن کی مذمت کی ہے اور وزیر اعظم عبداللہ حمدوک کی واپسی کے اپنے مطالبے کا اعادہ کیا ہے ۔ محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے ایک ریلیز میں یہ اطلاع دی۔سوڈان میں فوج کے اقتدار پر قبضے کے بعد ملک میں افراتفری کی کیفیت عروج پر ہے اور سوڈانی فوج مظاہرین کے خلاف پرتشدد کارروائیاں کر رہی ہے ۔ پرائس نے جمعہ کو کہا‘‘امریکہ 17 نومبر کو پرامن مظاہرین کے خلاف سیکورٹی فورسز کے پرتشدد کریک ڈاؤن کی شدید مذمت کرتا ہے جس میں کم از کم 15 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے ۔محکمہ خارجہ نے سوڈان کی سویلین زیرقیادت حکومت کی فوری بحالی کا بھی مطالبہ کیا ہے جس میں وزیراعظم حمدوک کی واپسی بھی شامل ہے ۔اس ہفتے کے شروع میں اقوام متحدہ نے سوڈان میں گزشتہ ہفتے کے آخر میں ہونے والے مظاہروں کے دوران سیکورٹی فورس کے بے تحاشہ استعمال پر اپنی شدید تشویش کا اظہار کیا تھا، جس میں متعدد شہری مارے گئے تھے ۔سوڈان میں ڈاکٹروں کی سینٹرل کمیٹی (سی سی ایس ڈی ) نے بدھ کے روز کہا تھا کہ ملک میں اکتوبر کی بغاوت سے ناراض دس افراد کو احتجاج کے دوران گولی مار دی گئی۔خیال رہے 25 اکتوبر کو فوج نے سوڈان میں اقتدار پر قبضہ کر لیا تھا۔ سوڈان میں فوج کی جانب سے حکومت کا تختہ الٹنے اور رہنماؤں کی گرفتاری کے بعد تشدد کا سلسلہ جاری ہے ۔ ملک بھر میں ہزاروں لوگ یہاں کی سابق حکومت کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔