امریکہ نے عارضی طور پر روسی تیل پر عائد پابندیاں ختم کردیں

   

واشنگٹن، 13 مارچ (یو این آئی) امریکی اخبار نے کہا ہے کہ امریکہ نے عارضی طور پر روسی تیل پر عائد پابندیاں اٹھا لیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق محکمہ خزانہ نے کہا ہے کہ روسی تیل پر پابندیوں کی یہ چھوٹ 11 اپریل تک رہے گی۔ اس حوالے سے امریکی وزیرخزانہ اسکاٹ بیسینٹ نے اپنے بیان میں کہا بدقسمتی ہے کہ اس اقدام سے روس کو فائدہ ہو سکتا ہے ، روسی تیل پر پابندیوں کی یہ چھوٹ مختصر مدت کیلئے ہے ۔ امریکی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کی توانائی حامی پالیسیوں نے امریکی تیل اورگیس کی پیداوار ریکارڈ سطح تک پہنچادی۔ امریکی ادارے کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق روسی تیل کی سپلائی گزشتہ ہفتے 16 لاکھ بیرل بڑھ کر 2.17 کروڑ بیرل رہی۔ امریکی ادارے کے مطابق چین نے روس سے 1.24کروڑ بیرل تیل خریدا، اس کے علاوہ ہندوستان کی خریداری 2 لاکھ بیرل اضافے سے 86لاکھ بیرل تک پہنچ گئی۔
امریکی ادارے نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ترکیے کی بندرگاہوں پر روسی تیل کی ترسیل 7 لاکھ بیرل رہی جب کہ امریکی چھوٹ ملنے کے بعد ہندوستانی ساحلوں پر 3 کروڑ بیرل روسی تیل پہنچا، بھارت آئندہ ہفتے 50 لاکھ بیرل روسی تیل وصول کرنے والا ہے ۔