واشنگٹن: امریکہ نے ملیشیا سمیت چار ایشیائی ممالک کو سفر کیلئے سب سے زیادہ خطرہ والے مقامات کی فہرست میں شامل کیا ہے۔ یو ایس سنٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونشن (سی ڈی سی) نے منگل کو بھوٹان، برونائی، ایران اور ملیشیا کو چوتھی کیٹیگری میں شامل کیا۔سی ڈی سی کسی ملک کو ‘چوتھے کیٹیگری ’ میں تب درج کرتا ہے جب اس نے پچھلے 28 دنوں میں فی 100,000 آبادی میں 500 سے زیادہ کورونا کے کیسز ریکارڈ کیے ہوں۔ رپورٹ کے مطابق اس وقت 140 ممالک سی ڈی سی کی چوتھی کیٹیگری میں شامل ہیں جو دنیا بھر میں اومی کرون کے تیزی سے پھیلاؤ کو ظاہر کرتا ہے ۔ جنوری کے آغاز میں اس فہرست میں صرف 80 ممالک کے نام تھے۔گزشتہ ہفتے جنوبی کوریا اور فرانسیسی پولینیشیا کو چوتھے درجے کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔ سی این این کے مطابق، میکسیکو، کینیڈا، فرانس، پیرو، سنگاپور اور اسپین بھی طویل عرصے سے اس زمرے میں شامل ہیں۔ برطانیہ جولائی 2021 سے اس فہرست میں موجود ہے ۔