واشنگٹن، 15 جنوری (یو این آئی) امریکہ نے ونیزویلا کا تقریباً 500 ملین ڈالر مالیت کا تیل بین الاقوامی مارکیٹ میں فروخت کردیا ہے ، جب کہ ونیزویلا کی عبوری اتھارٹیز آئندہ مرحلے میں 30 سے 50 ملین بیرل تیل امریکہ کے حوالے کریں گی۔ امریکی وزیر توانائی کرس رائٹ کے مطابق امریکہ کے حوالے کیے جانے والے تیل کی موجودہ مارکیٹ ویلیو تقریباً 2.8 ارب ڈالر ہے ۔ انھوں نے بتایا کہ امریکی حکومت اس تمام عمل اور تیل کی فروخت کی براہِ راست نگرانی کر رہی ہے ، جب کہ فروخت سے حاصل ہونے والی رقم واشنگٹن کے زیرِ کنٹرول اکاؤنٹس میں جمع کرائی جائے گی۔ کرس رائٹ کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں اور ہفتوں میں ونیزویلا کے مزید تیل کی فروخت متوقع ہے ، جس کا مقصد ونیزویلا کی معاشی بحالی اور توانائی کے شعبے میں استحکام لانا ہے ۔ وائٹ ہاؤس کے ترجمان کے مطابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ونیزویلا کے ساتھ ایک تاریخی توانائی معاہدہ طے کیا ہے ، جس سے دونوں ممالک کو فائدہ پہنچے گا۔
