واشنگٹن ، 22 جون (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے ٹکنالوجی کے شعبے سے وابستہ پانچ چینی کمپنیوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔ امریکی محکمہ تجارت کے فیصلے کے تحت پابندی کے زمرے میں آنے والی پانچوں کمپنیاں امریکی مصنوعات نہیں خرید سکتیں۔ یہ فیصلہ سلامتی سے متعلق خدشات کے سبب لیا گیا ہے۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ کے ساتھ آئندہ ہفتے جاپان میں G-20 سمٹ کے موقع پر ملاقات کرنے والے ہیں اور یہ معاملہ اس اہم ملاقات سے قبل کشیدگی میں اضافے کا سبب بنے گا۔ دونوں اقتصادی قوتوں کے مابین پہلے ہی معاشی جنگ جاری ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ ایران کے ساتھ جنگ نہیں چاہتا لیکن اگر جنگ ہوئی تو ایران کا نام و نشان مٹ جائے گا لیکن وہ ایسا نہیں کرنا چاہتے ہیں۔ امریکہ کے این بی سی ٹیلی ویژن کے چک ٹوڈ کے ساتھ ‘’میٹ دی پریس‘ پروگرام میں انٹرویو دیتے ہوئے ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکہ کی جانب سے ایران کے ساتھ مذاکرات کے لیے کوئی پیشگی شرائط نہیں ہیں۔