واشنگٹن ۔ 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے چینی ائیر لائنز کے آپریشنز پر پابندی عائد کر دی ہے۔ دونوں ممالک کے مابین تجارتی و سفارتی جنگ میں اس پیشرفت کو تناؤ میں مزید اضافے کا پیش خیمہ قرار دیا جا رہا ہے۔ امریکی ٹرانسپورٹیشن ڈیپارٹمنٹ نے چہارشنبہ کو کہا کہ وہ سولہ جون سے چار چینی ایئر لائنز کے امریکہ میں آپریشن کو معطل کر دے گا۔ بتایا گیا ہے کہ چین کی طرف سے یونائیٹڈ ایئر لائنز اور ڈیلٹا ایئر لائنز کی پروازیں بحال نہ کرنے کے باعث امریکہ نے یہ قدم اٹھایا ہے۔ چین میں کووڈ انیس کی وبا کے بعد سال کے آغاز میں چین نے ان ایئر لائنز پر پابندی عائد کی تھی، جو رواں ماہ ہٹا دی جانا تھی۔