امریکہ نے چین کو کرنسی کی قدر میں ہیر پھیر کرنے والے ممالک کی فہرست سے ہٹا دیا

   

واشنگٹن ۔ 14 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے چین کو ان ممالک کی فہرست سے ہٹا دیا ہے جو اپنی ملکی کرنسی کی قدر میں ہیر پھیر کرتے ہیں۔ یہ فیصلہ امریکہ اور چین کے درمیان تجارتی معاہدے کے پہلے مرحلے کے طے پانے کے بعد سامنے آیا ہے۔ اس معاہدے پر دستخط کل چہارشنبہ کو واشنگٹن میں ہوں گے۔ امریکی وزیر خزانہ اسٹیون منوچن کے مطابق یہ فیصلہ تجارتی معاہدے کے پہلے مرحلے پر اتفاق رائے کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ نے گزشتہ برس اگست میں چین کو یہ کہہ کر اس فہرست میں شامل کیا تھا کہ اْس نے اپنی برآمدات کو بڑھانے کے لیے اپنی کرنسی کی قدر میں جانتے بوجھتے کمی کی تھی۔