کراکس، 14 ستمبر (یو این آئی) وینزویلا نے امریکی بحریہ پر وینزویلا کے خصوصی اقتصادی زون میں فشنگ آپریشن چلارہے وینزویلا کے ماہی گیری کے جہاز کو غیر قانونی طور پر روکنے کا الزام لگایا ہے ۔ وینزویلا کی حکومت نے ہفتہ کوکہا کہ 9 ماہی گیروں کے ذریعہ آپریٹڈ ماہی گیری کے جہاز کارمین روزا کو جمعہ کے روز لا بلانکیلا جزیرے سے تقریباً 48 سمندری میل شمال مشرق میں یو ایس ایس جیسن ڈنہم (ڈی ڈی جی-109) ڈسٹرائر نے گھیر لیا۔ وینزویلا کے وزیر خارجہ ایوان گِل نے ٹیلی گرام پر بتایا کہ امریکی جہاز نے 18 مسلح اہلکاروں کو ماہی گیری کے جہاز پر چڑھنے اور آٹھ گھنٹے تک اس پر قبضہ کرنے کے لئے تعینات کیا، اس دوران اس نے ماہی گیری کے جہاز کا رابطہ منقطع کر دیا اور اس کی معمول کی کارروائیوں میں رکاوٹیں ڈالیں۔ بیان میں امریکی فوجی کارروائی کو ‘اشتعال انگیز کارروائی’ قرار دیا گیا ہے جس کا مقصد کیریبین خطے میں جنگ کو فروغ دینا اور حکومت کی تبدیلی کے لیے دباؤ ڈالنا ہے ۔ وینزویلا کی حکومت نے امریکہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایسے اقدامات کو فوری طور پر روکے جس سے کیریبین خطے کی سلامتی اور امن کو خطرہ ہو۔