امریکہ نے 2023 کے بعد اسرائیل کواربوں ڈالرس کے ہتھیار فراہم کئے

   

واشنگٹن،8 اگست (یو این آئی) امریکہ 7 اکتوبر 2023 کے بعد سے اسرائیل کو چار ارب ڈالر سے زائد کے ہتھیار فراہم کرچکا ہے ۔سنٹر فار انٹرنیشنل پالیسی رپورٹ کے مطابق امریکہ نے اسرائیل کو 4.2 ارب ڈالر کے ہتھیار دیئے ہیں یہ ہتھیار سات اکتوبر 2023 سے مئی 2025 کے درمیان اسرائیل کو بھیجے گئے ۔اس اعداد و شمار میں ہتھیار اور گولہ بارود شامل ہیں جس کی امریکہ نے فارن ملٹری فنانسنگ کے ذریعے ادائیگی کی ہے اور یہ امریکہ کی طرف سے صرف اسرائیلی خریداروں کو براہ راست فروخت کی گئی ہے ۔امریکہ اسرائیل کو فارن ملٹری فنانسنگ کے زریعے سالانہ 3.3 بلین ڈالر کے ساتھ ساتھ میزائل ڈیفنس کیلئے 500 ملین ڈالر فراہم کرتا ہے ۔یہ امداد صرف ایک جزوی جھلک ہے ، اصل تعداد کہیں زیادہ ہوسکتی ہے ، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکہ کے فراہم ہتھیار غزہ میں جنگی جرائم میں استعمال ہوئے ۔سنٹر فار انٹرنیشنل پالیسی رپورٹ کے مطابق امریکی ہتھیاروں سے غزہ میں انسانیت سوز مظالم اور فاقہ کشی میں مدد ملی، غزہ کی مکمل ناکہ بندی اور قحط کے باوجود امریکہ اسرائیل کو اسلحہ بھیجتا رہا۔ان برآمدات میں وہ ہتھیار شامل ہیں جو بار بار غزہ میں بین الاقوامی انسانی قانون کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہیں، اسرائیل نے فلسطینی شہریوں کے بنیادی انفراسٹرکچر ، اسکولوں، پناہ گزینوں کے کیمپوں اور اسپتالوں کو نشانہ بنانے کیلئے امریکی ساختہ بم استعمال کیے ہیں۔

امریکہ کا تارکین وطن کیلئے ڈیٹینشن سنٹر قائم کرنے کا فیصلہ
واشنگٹن ۔ 8 اگست (ایجنسیز) پنٹگان کا کہنا ہے کہ ٹیکساس کے فوجی اڈے فورٹ بلس میں تارکین وطن کیلئے تعمیر ہونے ڈیٹینشن سنٹر اب تک کا سب سے بڑا ہو گا۔ امریکہ میں حراست میں لیے گئے تارکین وطن کی تعداد حالیہ ہفتوں میں ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی ہے۔ امریکہ ریاست ٹیکساس میں ایک فوجی اڈے پر تارکین وطن کو حراست میں لینے کی اپنی اب تک کی سب سے بڑی سہولت بنانے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ پنٹگان نے جمعرات کے روز اعلان کیا کہ ٹیکساس میں میکسیکو کی سرحد کے قریب فورٹ بلس بیس پر حراستی مرکز قائم کرنے کا جو منصوبہ ہے، اس کے تحت ابتداء میں رواں ماہ سے ہی تقریباً ایک ہزار تارکین وطن کو رکھا جا سکے گا۔ محکمہ دفاع کے مطابق کیمپ ایسٹ مونٹانا کے نام سے قائم اس سہولت کو پھر آنے والے ہفتوں اور مہینوں” میں تارکین وطن کیلئے 5,000 بستر فراہم کرنے کیلئے بڑھایا جائے گا۔