امریکہ ویژن 2030 کے بڑے شراکت داروں میں شامل: محمد بن سلمان

   

ریاض : 14 مئی ( ایجنسیز) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب اور امریکہ کے مابین مضبوط اقتصادی تعلقات 92 برس پرانے ہیں۔ مشترکہ سرمایہ کاری ہمارے اقتصادی تعلقات کے استحکام کیلیے اہم ستونوں میں سے ایک ہے۔‘العربیہ اور الاخباریہ کے مطابق ریاض میں سعودی، امریکی سرمایہ کاری فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’سعودی معیشت خطے کی بڑی معیشت ہے جسے جی 20 ممالک میں سب سے زیادہ تیز رفتار ترقی کرنے والی معیشت کا اعزاز حاصل ہے۔‘ان کا کہنا تھا’ امریکہ، سعودی ویژن 2030 کے اصلاحاتی ایجنڈے کے سب سے بڑے شراکت داروں میں سے ایک ہے۔ مشترکہ سرمایہ کاری دونوں ملکوں کے اقتصادی تعلقات کے فروغ کے لیے انتہائی اہم ہے۔‘سعودی ولی عہد نے یقین دلایا کہ ’سعودی عرب امریکہ کے ساتھ 600 ارب ڈالر کی شراکت داری کے مواقع پر کام کررہا ہے۔ امریکہ پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے لیے اہم منزل ہے جو فنڈ کی عالمی سرمایہ کاری کا تقریبا 40 فیصد ہے۔‘’واشنگٹن کے ساتھ اشتراکِ عمل محض اقتصادی تعاون تک محدود نہیں بلکہ یہ خطے اور دنیا قیام امن کیلیے بھی ہے۔‘شہزادہ محمد بن سلمان نے دوطرفہ تجارت کے حوالے سے واضح کیا کہ’ سعودی عرب اورامریکہ کے مابین 2013 سے 2024 تک ہونے والی تجارت 500 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔‘