امریکہ پابندی عائد کرنے کا عادی :شمالی کوریا

   

Ferty9 Clinic

پیانگ یانگ، 4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) شمالی کوریا کے لیڈر کم جونگ اور امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے درمیان تاریخی ملاقات کے چند دن بعد امریکہ میں مقیم شمالی کوریائی وفد نے کہا کہ امریکہ پابندیاں عائد کرنے کا عادی ہے ۔شمالی کوریا نے امریکہ پر جزیرہ نما کوریا میں امن و امان کے ماحول کو خراب کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ نیوکلیئر مذاکرات شروع کرنے سلسلہ میں دونوں ممالک کے درمیان حالیہ معاہدے کے باوجود دشمنانہ سرگرمیوں پر اٹل ہے ۔امریکی صدر نے شمالی اور جنوبی کوریا کو الگ کرنے والے سویلین علاقے میں اتوار کو مسٹر کم سے ملاقات کی تھی۔ ٹرمپ شمالی کوریاکی سر زمین پر قدم رکھنے والے پہلے امریکی صدر ہیں۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان تقریبا ایک گھنٹہ تک ہوئی بات چیت کے دوران طویل عرصہ سے ٹھپ نیوکلیئر مذاکرات کو بحال کرنے کے لئے ٹیموں کی تشکیل دینے پر اتفاق ہوا۔

مغربی ایشیاء منصوبہ کا خاکہ عنقریب جاری ہوگا : امریکہ
واشنگٹن، 4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مغربی ایشیا میں امن قائم کرنے کے سلسلے میں امریکہ جلد ہی اپنے منصوبے کا تفصیلی خاکہ جاری کرے گا۔ ٹیلی ویژن نیوز چینل آئی 24 نیوز نے یہ اطلاع دی ۔ وائٹ ہاؤس کے سینئر مشیر جاریڈ کشنر نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ اسرائیل اورفلسطین تنازعہ کو ختم کرنے کے لئے جلد ہی اپنی منصوبہ بندی کے تعلق سے تفصیلات عام کرے گا ۔ واضح رہے کہ 25 جون کو مسٹر کشنر نے بحرین میں منعقد ایک کانفرنس میں امن منصوبہ کے اقتصادی پہلوؤں کی معلومات دی تھی ۔