نوجوانوں سے عدم اعتماد کے خلاف احتجاج کرنے کی اپیل
اسلام آباد:وزیراعظم پاکستان عمران خان نے امریکہ پر اپنی حکومت گرانے کی سازش کا براہ راست الزام لگا دیا اور نوجوانوں کو احتجاج کی کال دے دی۔ٹیلی فون پر عوام کے سوالوں کے جواب دینے کے سیشن ’آپ کا وزیراعظم آپ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ امریکہ نے پاکستان میں حکومت بدلنے کی کھلی سازش کی، اس کھلی سازش کو کامیاب بنانا سب سے بڑا جرم ہوگا ۔ ٹیلی فون کالز میں ایک موقع پر عمران خان نے یہ بھی کہاکہ ان کا فوج سے کوئی مسئلہ نہیں ، فوج کے نیوٹرل رہنے کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں، فوج نے کہا ہے کہ وہ نیوٹرل ہیں وہ سیاست میں نہیں پڑنا چاہتے۔عمران خان نے نوجوانوں سے عدم اعتماد کیخلاف ملک گیر احتجاج کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ اگر آپ نیوٹرل رہے یا چْپ رہے تو اس کا مطلب ہے آپ برائی کے ساتھ کھڑے ہیں، باہر نکلیں، احتجاج کریں۔ عمران خان نے کہا کہ اپنے مستقبل کیلئے کل سڑکوں پہ آکر احتجاج کریں، قوم کو فیصلہ کرنا ہے کہ تباہی کے راستے پر جانا ہے یاعظمت کی راہ پر۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت گرانے کیلئے بکروں کی طرح نیلامی ہو رہی ہے، حکومت کے خلاف عالمی سازش ہو رہی ہے۔ سرکاری دستاویز ہے کہ عمران خان کو ہٹائیں گے تو امریکہ سے تعلقات اچھے ہوجائیں گے۔