امریکہ پر قابو پانے وینزویلا کے خفیہ منصوبے بے نقاب

   

ٹرمپ نے سرحد پر بھیجے جنگی جہاز۔ امریکی حکومت کا نکولس مادرو پر 5 کروڑ ڈالر کا انعام

کاراکاس ۔ 27 اگسٹ ۔ ( ایجنسیز ) امریکہ اور وینزویلا کے درمیان کشیدگی اس وقت عروج پر ہے جب صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ڈرگس کنٹرول کے نام پر وینزویلا کو نشانہ بنایا اور کولمبیا بارڈر پر 3 جنگی جہاز بھیج دیئے۔ اس فیصلے کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں تلخی اور بڑھ گئی ہے۔ دوسری طرف وینزویلا کے صدر نکولس مادرو نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ کو اس کی اصل اوقات دکھانے کیلئے تین بڑے منصوبوں پر عمل شروع کر دیا گیا ہے۔امریکی حکومت نے نکولس مادرو پر 5 کروڑ ڈالر کا انعام رکھا ہے۔ وہائٹ ہاؤس کے ترجمان کے مطابق مادرو ڈرگس کارٹیل کے سرغنہ ہیں اور انہی کے ذریعے امریکہ میں منشیات کی اسمگلنگ کی جاتی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ مادرو پر رکھا گیا انعام ابو بکر البغدادی اور اسامہ بن لادن جیسے دہشت گردوں پر رکھے گئے انعامات سے بھی دوگنا ہے۔اس دوران برطانوی اخبار ’ڈیلی میل‘ نے رپورٹ دی کہ ایران کے دہشت گرد وینزویلا کے راستے امریکہ میں گھس چکے ہیں، جس سے امریکی انتظامیہ مزید تشویش میں مبتلا ہے۔ تاہم وینزویلا کا مؤقف ہے کہ امریکہ جان بوجھ کر اسے بدنام کر رہا ہے تاکہ اپنے سیاسی عزائم پورے کر سکے۔وینزویلا نے امریکہ کو جواب دینے کے لیے تین بڑے منصوبے تیار کیے ہیں۔ پہلے مرحلے میں اس نے امریکہ مخالف طاقتوں سے اتحاد بڑھانے پر زور دیا ہے۔ چین نے وینزویلا کی حمایت میں بیان دیا ہے جبکہ ایران اور وینزویلا نے امریکی مظالم کے خلاف مشترکہ جنگ پر اتفاق کیا ہے۔ روس کو بھی اس اتحاد میں شامل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔دوسرا منصوبہ فوجی سطح پر ہے۔ وینزویلا نے کولمبیا بارڈر پر 15 ہزار فوجی تعینات کر دیئے ہیں، جہاں امریکہ پہلے ہی اپنے 4000 میرینز اور تین جنگی جہاز بھیج چکا ہے۔ اطلاعات کے مطابق روس نے وینزویلا کو ایران کے جدید شاہد ڈرون فراہم کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے تاکہ امریکی فوج اور جہازوں کو نشانہ بنایا جا سکے۔تیسرا منصوبہ وینزویلا کے اندرونی ملیشیا گروپس سے متعلق ہے۔ صدر مادرو نے اعلان کیا ہے کہ ان خطرناک گروپوں کو دوبارہ فعال کیا جا رہا ہے۔ یہ گروپس ڈرگس کنٹرول اور بارڈر سیکیورٹی میں مشہور ہیں اور امریکہ کے خلاف ان کی طاقت کو ایک بڑے ہتھیار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔صدر مادرو کا کہنا ہے کہ دنیا میں امریکہ کا دبدبہ تیزی سے کم ہو رہا ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ اسے اس کی اصل اوقات دکھائی جائے۔ دوسری جانب امریکی حکومت کا دعویٰ ہے کہ وینزویلا نہ صرف خطے بلکہ دنیا کے لیے بھی ایک سنگین خطرہ بنتا جا رہا ہے۔