ویانا۔/2 نومبر، (سیاست ڈاٹ کام ) عالمی تجارتی ادارہ ( ڈبلیو ٹی او ) نے چین کی طرف سے امریکی اشیاء پر سالانہ 3.6 بلین ڈالر کا ٹیکس عائد کرنے کی اجازت کو منظوری دے دی۔ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی جنگ میں اس مقدمہ کے سبب شدت پیدا ہوگئی تھی۔ چین نے یہ استدلال پیش کیا تھا کہ امریکہ کی طرف سے چینی آہن و فولاد اور دیگر اشیاء پر عائد محصول ضرورت سے زیادہ اور غیر قانونی ہیں۔ یہ ہرجانہ ڈبلیو ٹی او کی تاریخ میں تیسرا سب سے بڑا ہے جو چین کی طرف سے طلب کردہ معاوضہ کا آدھا ہے۔
ہم جانتے ہیں ، آئی ایس آئی ایس کا نیا سربراہ کون ہے: ٹرمپ
واشنگٹن۔/2نومبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) آئی ایس آئی ایس صدر ابوبکر البغدادی کی شام میں ایک امریکی دھاوے میں ہلاکت کے بعد صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ اچھی طرح جانتا ہے کہ آئی ایس آئی ایس کا نیا سربراہ کون ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ آئی ایس آئی ایس کا ایک نیا قائد بن گیا ہے ’’ ہم بالکل ٹھیک طرح سے جانتے ہیں کہ وہ کون ہے‘‘۔ ٹرمپ نے ٹوئیٹر پر یہ تبصرہ کیا۔ چند روز قبل آئی ایس آئی ایس نے بغدادی کی ہلاکت کی توثیق کی تھی اور اس کی بجائے ابو ابراہیم الہاشمی القریشی کے نام کا اعلان کیا تھا۔