امریکہ: پولیس افسر کی گولی سے سیاہ فام کی موت کے بعد مظاہرے

   

واشنگٹن : ایک امریکی پولیس افسر کی گولی سے ایک غیر مسلح سیاہ فام کی موت کے بعد شمالی کیرولائینا کے فائٹے ویلے میں عوام کافی ناراض ہیں۔ مذکورہ افسر نے جب گولی ماری اس وقت وہ ڈیوٹی پر نہیں تھے۔ متاثرہ خاندان نے مظاہروں کی اپیل کی ہے۔ افریقی امریکی سیاہ فام غیر مسلح جیسن واکر کی پولیس افسر جیفری ہیش کی گولی سے موت کے بعد اس ہفتے فائٹے ویلے میں مقامی لوگوں نے کئی چھوٹے مظاہرے کیے جبکہ انسانی حقوق کے معروف وکیل بنجامن کرمپ اور متوفی کے خاندان نے شہر میں آج ’’انصاف ریلی‘‘ کا اعلان کیا ہے۔ پولیس کے ہاتھوں ایک اور سیاہ فام شخص کی ہلاکت کے بعد امریکہ میں بالخصوص اقلیتوں کے خلاف پولیس کی مبینہ زیادتیوں پر ایک بار پھر بحث چھڑ گئی ہے۔ جیفری ہیش 2005 سے پولیس میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔