امریکہ پہنچنے والے افغان پناہ گزینوں کو امیگریشن کے پیچیدہ مراحل کا سامنا

   

واشنگٹن : کابل سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ہونے والے تاریخی انخلا کے سبب ہزاروں افغان پناہ گزیں امریکہ پہنچے ہیں۔ یہ پناہ گزیں مختلف نوعیت کے امیگریشن طریقہ کار سے گزریں گے اور ان میں سے بعض کو دوسروں سے بہتر سہولتیں میسر ہوں گی۔ایس آئی ویز یا اسپیشل امیگرنٹ ویزا پر آنے والے مہاجرین کو تمام پناہ گزینوں پر فوقیت حاصل ہوگی اور یہ بہترین مراعات کے حقدار ہونگے۔ایس آئی ویز افراد اور ان کے اہلخانہ اس کیٹیگری میں آتے ہیں جنہوں نے گزشتہ 20 سال کے دوران افغان جنگ میں امریکی حکومت یا ملٹری کے لئے مترجم یا مددگار کی حیثیت میں کام کیا ہو۔ ان خاندانوں کو مکان، خوراک، کپڑوں اور ہیلتھ کئیر سہولیات سے لے کر ملازمت کے حصول میں بھی مدد فراہم کی جائے گی۔وآئس آف امریکہ کی امیگریشن رپورٹر ایلین باروس کے مطابق دوسرے مہاجرین جو ایس آئی وی کی کیٹیگری میں نہیں آتے مگر کسی نہ کسی طرح امریکی ملٹری کے کارگو جہاز میں سوار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے ’پیرول‘ پر آنے والے افراد کا درجہ رکھتے ہیں۔ایسے افراد مختصر دورانیے کے لئے ہاؤسنگ کی سہولت کے حقدار ہونگے۔