واشنگٹن : وائٹ ہاؤس نے تصدیق کی ہے کہ رواں برس کے آخر میں صدر جو بائیڈن اور ان کے چینی ہم منصب شی جن پنگ کے درمیان ورچوئل سربراہ ملاقات کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔ یہ اعلان سوئٹزرلینڈ کے شہر زیورخ میں امریکہ کی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان اور ان کے چینی ہم منصب یانگ جیچی کے درمیان ملاقات کے بعد سامنے آیا ہے۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب امریکہ اور چین کے درمیان بائیڈن انتظامیہ کے اس مطالبے پر کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے کہ تائیوان کے خلاف چین اپنا فوجی دباؤ کم کرے اور تجارتی معاہدوں کی پابندی کرے۔ گزشتہ کچھ دنوں کے دوران چین نے 150 لڑاکا طیارے تائیوان کے فضائی دفاعی زون میں بھجوائے ہیں جس پر بائیڈن انتظامیہ کی جانب سے انتباہ جاری کیا گیا۔ امریکہ کے وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ چین کی سرگرمی عدم استحکام پیدا کر رہی ہے۔