امریکہ چین فوجی حکام رابطہ بر قرار رکھنے پر متفق

   

واشنگٹن ۔ امریکہ اور چین کے تعلقات میں واضح طور پر سرد مہری جاری ہے، تاہم دونوں ممالک کے دفاعی حکام کے درمیان 2 روزہ مذاکرات ہوئے ہیں۔ اس ویڈیو کانفرنس میں پیپلز لبریشن آرمی کے دفتر سے وابستہ بین الاقوامی عسکری تعاون کے معاون میجر جنرل ہوانگ زوپنگ اور چین کے لیے امریکہ کے معاون وزیر دفاع مائیکل چیز نے اپنے وفود کی سربراہی کی۔ چینی وزارت دفاع کے ترجمان وو کیان نے بتایا کہ فریقین نے دونوں ممالک کے تعلقات اور ان کی افواج کو درپیش تشویش کے حامل یکساں معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ تاہم انہوں نے الزام لگایا کہ امریکہ کی جانب سے چین کے خلاف اشتعال انگیزی اور روک تھام کی کوششیں کی جاری ہیں ، جس بنا پر دونوں ممالک کی فوج کو خاصی مشکلات اور چیلنج درپیش ہیں۔ وو نے کہا کہ چین کی خودمختاری، وقار اور حقیقی مفادات کی خلاف ورزی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔