امریکہ چین کے ساتھ فوجی تعلقات بحال کرنے کا خواہاں

   

واشنگٹن : وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن چین کے ساتھ فوجی تعلقات بحال کرنا چاہتے ہیں۔ امریکہ کا کہنا ہے کہ ‘چین نے بنیادی طور پر فوجی مواصلاتی روابط کو منقطع کر دیا ہے، جسے صدر بائیڈن دوبارہ قائم کرنا چاہتے ہیں۔وائٹ ہاؤس میں قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان کا کہنا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن چین کے ساتھ’ ملٹری ٹو ملٹری ‘تعلقات کو دوبارہ قائم کرنا چاہتے ہیں۔ واضح رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن اپنے چینی ہم منصب ژی جن پنگ کے ساتھ اسی ہفتے ملاقات کرنے والے ہیں۔اطلاعات کے مطابق جو بائیڈن چہارشنبہ کے روز سان فرانسسکو میں ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن سمٹ کے دوران گزشتہ ایک برس میں پہلی بار چینی صدر سے ذاتی طور پر ملاقات کریں گے۔ جنوری سن 2021 میں بائیڈن کے اقتدار سنبھالنے کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ دوسری ذاتی نوعیت کی ملاقات ہوگی۔ جیک سلیوان نے ٹی وی چینل سی بی ایس کے ایک پروگرام ‘فیس دی نیشن’ میں ایک انٹرویو کے دوران کہاکہ صدر دونوں ملکوں کی فوجوں کے درمیان تعلقات کی بحالی کو دیکھنے کیلئے پرعزم ہیں کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ یہ امریکی قومی سلامتی کے مفاد میں ہے۔ ہمیں مواصلات کی ان لائنوں کی ضرورت ہے تاکہ غلطیاں نہ ہوں یا غلط حساب کتاب یا غلط مواصلت نہ ہونے پائے۔”سلیوان نے کہا کہ فوجی تعلقات کی بحالی سینیئر قیادت سے لے کر حکمت عملی کی آپریشنل سطح تک نیز ”انڈو پیسیفک کے پانیوں سمیت فضا میں بھی ہر سطح پر ہو سکتی ہے۔”سلیوان نے معروف ٹی وی چینل سی این این کے ‘اسٹیٹ آف دی یونین’ پروگرام کے دوران کہا کہ بائیڈن ژی جن پنگ سے ملاقات کے دوران فوجی تعلقات پر ”گیند کو آگے بڑھانے” کی کوشش کریں گے۔ تاہم انہوں نے اس بارے میں مزید تفصیلات فراہم کرنے سے انکار کر دیا۔