واشنگٹن : امریکہ نے کہا ہے کہ وہ افریقی یونین کو ویکسین کی ایک کروڑ 70 لاکھ خوراکوں کا عطیہ دے گا۔ یہ عطیہ ‘جانسن اینڈ جانس’ کی ویکسین پر مشتمل ہو گا، جس کی ایک ہی خوراک درکار ہوتی ہے۔ اس عطیہ سے امریکہ کی جانب سے افریقی یونین کو ملنے والی خوراکوں کی تعداد 6 کروڑ 70 لاکھ ہو جائے گی۔امریکہ اس سے پہلے افریقی یونین کو ویکسین کی 5 کروڑ خوراکیں دے چکا ہے۔افریقی یونین میں 55 ممالک شامل ہیں جن میں سے کچھ کا شمار دنیا کے غریب ترین ملکوں میں کیا جاتا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک کروڑ 70 لاکھ خوراکیں آئندہ ہفتوں میں افریقی یونین کے حوالے کر دی جائیں گی۔صدر بائیڈن نے کینیا کے صدر اوہورو کینیاتا کے ساتھ جمعرات کو ایک ملاقات میں کہا کہ ہم کرونا وائرس کے خلاف اپنی مشترکہ جنگ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ہم نے افریقی یونین کو ویکسین کی پانچ کروڑ خوراکیں دی ہیں جس میں کینیا کا حصہ 28 لاکھ خوراکوں کا ہے۔ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے فخر محسوس ہو رہا ہے کہ ہم افریقی یونین کو مزید جانسن اینڈ جانسن کی ایک کروڑ 70 لاکھ خوراکوں کا عطیہ دے رہے ہیں۔صدر کینیاتا کا کہنا تھا کہ امریکہ نے اس سلسلے میں آگے بڑھنے میں اپنی بہترین کوششیں کیں ہیں۔ وہ نہ صرف کینیا کی مدد کر رہا ہے بلکہ وہ ویکسین تک رسائی دینے میں عمومی طور پر افریقی یونین کو بھی مدد دے رہا ہے۔