امریکہ کا افغانستان کیلئے 327 ملین ڈالر امداد کا اعلان

   

واشنگٹن : امریکہ نے افغانستان کے انسانی بحران میں مبتلا لوگوں کی مدد کیلئے تقریباً 327 ملین ڈالر کی اضافی انسانی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن نے ایک بیان میں کہا کہ اس امدادی رقم میں محکمہ خارجہ کے بیورو آف پاپولیشن، ریفیوجیز اور مائیگریشن کے ذریعے تقریباً 119 ملین ڈالر اور امریکی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی کے دفتر برائے انسانی امداد کے ذریعے تقریباً 208 ملین ڈالر خرچ کیے جائیں گے۔نئی امداد کے اعلان کے ساتھ کابل میں طالبان کے اگست 2021 میں کے قبضے کے بعد سے اب تک افغانستان اور پڑوسی ممالک میں کل امریکی انسانی امداد کا حجم ایک اعشاریہ ایک بلین ڈالر سے زیادہ ہو گیا ہے۔وزیر خارجہ بلنکن نے کہا کہ امریکہ افغان عوام کی مدد کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔انہوں نے کہا کہ واشنگٹن بین الاقوامی برادری کے دیگر اراکین سے 31 مارچ کو انسانی ہمدردی کی حمایت سے متعلق ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران افغانستان میں انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے کیے گئے امدادی وعدوں پر عمل کرنے کا مطالبہ بھی کر رہا ہے۔