امریکہ کا اقوام متحدہ میں قاسم سلیمانی کے قتل کا دفاع

   

واشنگٹن ۔ 9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے اقوام متحدہ میں ڈرون حملے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کا دفاع کیا ہے۔ امریکی حکومت کے مطابق گزشتہ ہفتے عراقی دارالحکومت بغداد کے ہوائی اڈے کے قریب فضائی کارروائی میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کو ’ذاتی دفاع‘ کی کارروائی میں ہلاک کیا گیا۔ سلامتی کونسل کے نام ایک مراسلے میں اقوام متحدہ میں تعینات امریکی مندوب کیلی کرافٹ نے کہا کہ امریکہ بغیر پیشگی شرائط کے ایران کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہے، تاکہ بین الاقوامی امن اور سلامتی کو لاحق خطرات کے تدارک کے لیے سنجیدہ مذاکرات کیے جا سکیں۔ اس خط میں امریکہ کا کہنا تھا کہ قاسم سلیمانی کی ہلاکت اقوام متحدہ کے چارٹر کی شق اکیاون کے تحت جائزہ عمل تھا کیوں کہ یہ شق کسی ملک کو ذاتی دفاع کا حق دیتی ہے۔